کراچی، نوجوان گلوکارہ ایمن زارا کی پہلی سولو میوزک پرفارمنس نے شائقین موسیقی کے دل جیت لیے

نوجوان گلوکارہ نے ہمہ جہت موسیقار اور فنکار زلفی کو بھی گیت کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا

کراچی:

شہر قائد میں اپنی نوعیت کے منفرد کنسرٹ میں ایمن زارا نے اپنی شاندار گائیکی اور دلکش انداز سے محفل میں سماں باندھ دیا، جبکہ شرکاء نے ان کی پرفارمنس کو بھرپور داد سے نوازا۔

ایمن زارا نے اپنے سولو شو کے دوران پاکستان کے نامور گلوکاروں کے مقبول گیت پیش کیے۔ ان کے انتخاب میں حدیقہ کیانی، نازیہ حسن، سجاد علی اور ملکہ ترنم نورجہاں کے معروف گیت شامل تھے،جنہیں انہوں نے اپنے منفرد انداز میں پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔

نوجوان گلوکارہ نے ہمہ جہت موسیقار اور فنکار زلفی کو بھی گیت کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا۔پنجابی گیت سانو نہر والے پل تے بلا کے پر ان کی پرفارمنس نے محفل میں خوب رنگ جمایا اور شائقین نے دل کھول کر داد دی۔

ایمن زارا پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار خرم جمشید کی صاحبزادی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تقریباً دو برس سے گیتوں پر پرفارم کررہی ہیں، تاہم آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والا یہ شو ان کی پہلی سولو پرفارمنس تھی۔

ایمن زارا کے مطابق، انہیں اپنی پہلی سولو پرفارمنس پر جس قدر پذیرائی ملی، اس پر وہ بے حد خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موسیقی سے ان کا تعلق انتہائی کم عمری سے ہے۔ جب سے ہوش سنبھالا، گھر میں ساز و آواز کی فضا دیکھی، اور یہی ماحول رفتہ رفتہ موسیقی سے محبت اور پھر جنون میں تبدیل ہوگیا۔

نوجوان گلوکارہ کی پہلی سولو پرفارمنس کو ملنے والی پذیرائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی موسیقی میں نئی نسل اپنے منفرد انداز اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

Load Next Story