ایران نے جرمنی کے سفیر کو طلب کرلیا، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ

جرمن حکام نے اس سازش کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے

ایران نے جرمنی کی جانب سے اپنے سفیر کو طلب کیے جانے کے جواب میں تہران میں تعینات جرمن سفیر ایکسل ڈٹ مین کو وزارت خارجہ طلب کرلیا اور برلن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جرمنی نے ایران پر اسرائیل کے حامی اہم شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کیا تھا۔ اس کے ردعمل میں ایران نے جرمن سفیر کو طلب کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف سکیورٹی سے متعلق الزامات عائد کرنا اسرائیلی حکومت اور بعض مغربی ممالک کا پرانا طریقہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بے بنیاد سیاسی دعوؤں کو عدالتی کارروائی کا رنگ دینے سے ان الزامات کو اعتبار نہیں ملتا، بلکہ اس سے جرمن عدلیہ کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

یہ سفارتی تنازع جرمنی کی ایک عدالت کی جانب سے دو افراد کو یہودی تنظیموں کی اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے جرم میں سزا سنائے جانے کے بعد سامنے آیا۔ جرمن حکام نے اس سازش کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

دونوں ملکوں کے سفیروں کو یکے بعد دیگرے طلب کیے جانے کے بعد ایران اور جرمنی کے درمیان سفارتی تناؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

Load Next Story