دوسرا ٹیسٹ: بارش اور بولینڈ نے جنوبی افریقا کو مشکل میں ڈال دیا
آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے کچھ مزاحمت کی تاہم کھیل کے اختتام پر میٹ رینشا کے ناقابلِ یقین کیچ نے آسٹریلیا کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔
جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما اور ریان ریکلٹن نے ابتدائی چار وکٹیں صرف 40 رنز پر گنوانے کے بعد پانچویں وکٹ کے لیے 52 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
ریکلٹن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب رینشا نے پہلی سلپ پر ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑا۔
اس سے قبل فاسٹ بولر اسکاٹ بولینڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مزید دو وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقا کے خلاف اپنی بہترین ٹیسٹ کارکردگی کی جانب پیش قدمی کی۔
باووما 41 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ ویان ملڈر نے بھی دن کا اختتام ان کے ساتھ کیا۔
بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث دوسرے روز کھیل تقریباً چھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ دن بھر میں صرف 77 رنز بنے اور تین وکٹیں گریں۔
آسٹریلوی ٹیم کو امید ہے کہ باقی تین دن میں وہ میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرکے سیریز میں اہم کامیابی حاصل کرلے گی۔
واضح رہے کہ بارش کے باعث دو روز میں صرف 43 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا ہے۔