ایف بی آر نے اسٹیل یونٹس کی بجلی پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس کا اطلاق کر دیا

سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 16 آف 2026 میں مزید ترمیم کرتے ہوئے 3 نئے اداروں کو فہرست میں شامل کیا گیا

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ایف بی آر نے مزید اسٹیل مینوفیکچررز، میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس پر استعمال ہونے والی بجلی پر 5 روپے فی یونٹ کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

بورد آف ریونیو نے اس حوالے سے اسٹیل یونٹس کے لیے بجلی کے استعمال پر 5 روپے فی یونٹ کے اطلاق سے متعلق سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 16 آف 2026 میں مزید ترمیم کرتے ہوئے 3 نئے اداروں کو فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

6 اگست 2026 کے جنرل آرڈر میں ترمیم کے تحت شامل کیے گئے ان اداروں میں کے بی انٹرپرائزز (این ٹی این: 8279122)، جی ایم بی اسٹیل فرنس (این ٹی این: 4220416) اور راجپوت اسٹیل انڈسٹری (این ٹی این: 0962986) شامل ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق ان اداروں کی اہلیت کا تعین ایس آر او 1245(1)/2026 مورخہ 31 جولائی 2026 میں مقرر کردہ معیار کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس میں اسٹیل مصنوعات کی تیاری کے لیے اسکریپ اور بجلی کے یونٹس کی کھپت، نیز مخصوص ایچ ایس کوڈز کے تحت اسکریپ کی درآمد کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی اس فہرست میں وقتاً فوقتاً تبدیلی کی جا سکتی ہے جبکہ بورڈ یا متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سفارشات پر کسی بھی رجسٹرڈ مینوفیکچرر کی اہلیت کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے فہرست میں شامل یا خارج کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

Load Next Story