’سلمان خان معافی مانگیں ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے‘، لارنس بشنوئی کے کزن کی دھمکی
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی نے ایک مرتبہ پھر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیش بشنوئی نے ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد خبر رساں ادارے آئی اے این ایس سے گفتگو کی۔
رمیش بشنوئی کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ یہ بات ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ گینگ کے مؤقف کے طور پر بیان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لارنس بشنوئی کی سلمان خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، اصل مسئلہ بشنوئی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا ہے۔
رمیش کے مطابق سلمان خان کو برادری سے معافی مانگ کر معاملہ ختم کرنے کا موقع دیا گیا، لیکن اداکار نے ایسا نہیں کیا۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور بشنوئی گینگ کے درمیان تنازع 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے سے منسلک ہے۔
دوسری جانب ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔