جامعہ کراچی میں انٹری ٹیسٹ اور داخلوں کے دلچسپ اور حیران کن حقائق
(فوٹو: فائل)
جامعہ کراچی میں انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر تقریبا 20 ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے سلسلے میں ایڈمیشن لسٹ جاری کردی گئی ہے جس میں انتہائی دلچسپ تاہم کچھ اہم اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں.
جامعہ کراچی کے 11 اکتوبر کو منعقدہ داخلہ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 6669 امیدوار شریک ہوئے جبکہ قابل توجہ امر یہ ہے کہ یہ تعداد گزشتہ برس کی نسبت 500 کے قریب کم ہے۔
گزشتہ برس تعلیمی سیشن 2026 کے داخلوں کے لیے 7 ہزار سے کچھ زائد امیدوار شریک ہوئے تھے، مزید براں اس سال انٹری ٹیسٹ میں 2832 امیدوار 50 مارکس لے کر ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 40 فیصد کے آس پاس ہے۔
تاہم یونیورسٹی ویب سائیٹ پر جاری اعداد و شمار سے کیے گئے تجزیے کے مطابق 6 مختلف شعبہ جات میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا مجموعی تناسب کم رہا، جس کے سبب ڈاکٹر صائمہ اختر کی سربراہی میں قائم داخلہ کمیٹی نے ان شعبوں میں پاسنگ پرسنٹیج 50 سے کم کرکے 25 مارکس تک کردی اور 3255 طلبہ کو 1400 نشستوں پر داخلے آفر کیے گئے ہیں۔
جن شعبوں یا پروگرام میں پاسنگ پرسینٹیج کم کی گئی ان میں اپلائیڈ کیمسٹری میں 25 مارکس، اپلائیڈ فزکس اور انوائرمینٹل اسٹڈیزمیں 35 مارکس، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور ایجوکیشن اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں 40 مارکس تک ٹیسٹ اسکور کرنے والے طلبہ کو بھی داخلوں کی پیش کش بھی کی گئی۔
انٹر ٹیسٹ کے جاری نتائج میں ایک دلچسپ ڈیٹا بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق ٹیسٹ میں مختلف اسکور کرنے والے جن 3255 طلبہ کو داخلے آفر کیے، ان میں سب سے زیادہ اسکور 50 سے 59 مارکس تک 1 ہزار 73 طلبہ نے کیا ہے جو داخلہ آفر کیے جانے والے طلبہ کا تقریبا 33 فیصد ہے۔
دوسری بڑی تعداد 40 سے 49 مارکس کے حامل 865 طلبہ کی ہے جو 26.57 فیصد ہے اسی طرح تیسری بڑی تعداد 60 سے 69 مارکس کے حامل 661 طلبہ کی ہے جو 20.31 فیصد ہے داخلہ ٹیسٹ پاس کرنے والوں میں صرف 244 طلبہ ایسے ہیں جنھوں نے 70 سے 79 مارکس لیے ہیں۔
یہ تعداد 7.50 فیصد ہے 80 سے 89 مارکس لے کر صرف 35 طلبہ پاس ہوئے ہیں جو 1.7 فیصد ہے جبکہ 90 سے 97 مارکس صرف 7 طلبہ نے لیے ہیں۔ جو 0.22 فیصد ہیں 50 مارکس سے کم لینے والے جن طلبہ کو داخلے آفر ہوئے ہیں ان میں 34 امیدواروں نے 25 سے 29 مارکس جبکہ 336 امیدواروں نے 30 سے 39 مارکس لیے ہیں۔