شہزادہ ہیری کی اپنے والد کنگ چارلس اور بھائی پرنس ولیم سے صلح کی خواہش

دنیا میں پہلے ہی بہت مسائل ہیں خاندان کے ساتھ اختلافات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں، پرنس ہیری

شہزادہ ہیری کی کنگ چارلس اور ولیم سے صلح کی خواہش (فائل فوٹو)

برطانوی شہزادے ہیری نے والد کنگ چارلس اور بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں پہلے ہی بہت مسائل ہیں خاندان کے ساتھ اختلافات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

یہ بات ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے امریکی جریدے جی کیو کو نیویارک میں دیے گئے انٹرویو میں کہی۔

انھوں نے مزید کہا کہ والدین اور بچوں کے درمیان تنازعات اور بہن بھائیوں کے خراب تعلقات ایسے مسائل ہیں جن سے بہت سے خاندان گزرتے ہیں۔

شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان کے خاندان کے اختلافات کو دیکھ کر سوچتے ہیں کہ یہ تنازعات کیسے ختم ہوں گے اور شاید اس طرح ان لوگوں کو اپنے خاندانی مسائل حل کرنے میں بھی مدد مل سکے۔

پرنس ہیری نے واضح کیا کہ وہ خود تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں اور ان کے نزدیک صلح سب سے اہم ہے۔

ماضی کے زخم بھرنے کے امکان سے متعلق سوال پر شہزادہ ہیری نے کہا کہ زخموں کے نشان ہمیشہ باقی رہ سکتے ہیں تاہم ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ان کے بقول اگر ماضی کی باتیں روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی رہیں تو انہیں بھلانا مشکل ہو جاتا ہے۔

پرنس ہیری نے برطانیہ واپسی اور بچوں آرچی اور للیبیٹ کی برطانوی اسکولوں میں تعلیم کو بھی اہم قرار دیا۔

انھوں نے اپنی اس دلی خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ان کے بچوں کو برطانیہ اور امریکا کے مختلف ثقافتوں کے تجربات اور مشاہدات بھی حاصل ہوں۔

اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی وفات کے بعد غم اور صدمے سے نمٹنے کے تجربات پر بات کرتے ہوئے ہیری نے کہا کہ وہ ہمدردی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کے لیے اپنے تجربات بیان کرتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس واقعے نے گہرے زخم چھوڑے تھے اور انھیں علاج  اور معاونت سے آگے بڑھنے میں مدد ملی تھی۔

بعد ازاں ہیری کے ترجمان نے وضاحت کی کہ ان کے بیانات شہزادہ ولیم یا شاہی خاندان کے کسی فرد پر تنقید کے لیے نہیں تھے بلکہ عمومی تناظر میں دیے گئے تھے۔

پرنس ہیری کے شاہی خاندان سے اختلافات 

شہزادہ ہیری اور ان کے والد کنگ چارلس سوم اور بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے تعلقات میں کشیدگی کئی برسوں کے دوران بڑھی۔

تاہم 2020 میں شاہی فرائض سے دستبردار ہوکر اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ امریکا منتقل ہونے کے بعد اختلافات نمایاں ہوگئے تھے۔

ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان میں میڈیا کے رویے، ذاتی زندگی میں مداخلت اور ادارے کے اندر اپنے ساتھ ہونے والے سلوک پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

2021 میں امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو دیے گئے انٹرویو اور 2023 میں ہیری کی یادداشتوں پر مشتمل کتاب اسپیئر کی اشاعت نے خاندانی اختلافات کو مزید اجاگر کیا۔

ہیری اور ولیم کے درمیان والدہ شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد کے تجربات اور شاہی خاندان میں اپنے اپنے کردار سے متعلق معاملات بھی زیر بحث رہے۔

ہیری نے برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد 2020 میں امریکا میں سکونت اختیار کرلی اور اس کے بعد کئی مرتبہ برطانیہ آئے۔

تاہم گزشتہ برس ستمبر میں اپنے والد سے ملاقات کے بعد جولائی 2026 میں بھی کنگ چارلس سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں شہزادہ ہیری کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔

 

Load Next Story