کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 7 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 7 زخمیوں سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ پولیس نے ملیر ندی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت 45 سالہ جمیل کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد کے بلاک اے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت محمد رشید کے نام سے کی گئی۔
ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ٹیپو سلطان پولیس نے بلوچ کالونی پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ غلام شبیر کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 4 میں کارروائی کے دوران زخمی سمیت تین مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
زخمی ملزم ریحان کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان طاہر اور سلمان کو تھانے منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے بلاک یو میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کیا۔
جن میں زخمی ملزم حمزہ کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے ملزم فرمان کو تھانے منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
ادھر محمودآباد پولیس نے ٹی پی ٹو کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
جس کی شناخت 20 سالہ ربیع کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حیدری مارکیٹ پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایچ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
جس کی شناخت صفا اللہ کے نام سے ہوئی۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔