پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات چند دنوں میں دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، عامر ڈوگر

خیبر پختونخوا میں بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر کوئی وزیراعلیٰ نہیں آ سکتا، چیف وہپ

اسلام آباد:

پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر نے آئندہ دنوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا عندیہ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔  بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہنے والے 68 ارکان سے متعلق سلمان اکرم راجہ نے سخت مؤقف اپنایا ہے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ پارلیمانی پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں۔ اپوزیشن لیڈران محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر مکمل اعتماد ہے۔ ان دونوں کو بانی چیئرمین کی حمایت حاصل ہے۔ ہمارا فرض ہے ہم ان کے ساتھ چلیں۔

انہوں  نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی دو تہائی اکثریت کے ساتھ آئینی اور قانونی وزیر اعلیٰ ہیں۔ سہیل آفریدی بانی چیئرمین کے اعتماد کے مطابق وزیر اعلیٰ ہیں۔ جو بھی وزیر اعلیٰ بنے گا، وہ بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر نہیں آ سکتا۔ جو بھی یہ کام کر رہا ہے وہ پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے گا۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ہی وزیر اعلیٰ ہیں اور وہی رہیں گے۔ کچھ لوگ ہیں جو پارٹی میں مزید دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں۔ فی الحال فسطائیت عروج پر ہے۔ تحریک انصاف کے خلاف ظلم اور بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 10 سے زیادہ ارکان قومی اسمبلی جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ امید ہے آنے والے دنوں میں مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

Load Next Story