کراچی: کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے ایک مزدور جلھس کر جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

ابراہیم حیدری میں گیس کا چولہا پھٹنے سے میاں بیوی جھلس کر زخمی ہوگئے

کراچی:

پورٹ قاسم کے قریب کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے ایک مزدور جلھس کر جاں بحق اور ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا، ابراہیم حیدری میں گیس کا چولہا پھٹنے سے میاں بیوی جھلس کر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بن قاسم ٹاؤن تھانے کےعلاقے پورٹ قاسم کے قریب واقع ایم ای سی سی نامی کیمیکل کمپنی میں بوائلر پھٹنے سے ایک مزدور جلھس کر جاں بحق اور ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا جنہیں فوری طورپر ایدھی ایمبولنس کے ذریعے قریب واقع الخدمت اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت 35 سالہ محمد سہیل ولد شاہ محمد اور زخمی کی شناخت 45 سالہ وحید کے نام سے کی گئی، ایس ایچ اوبن قاسم فیصل رفیق کے مطابق کیمیکل کمپنی میں ورکر ویلڈنگ کا کام  کر رہا تھا اس دوران گیس بھرنے کے باعث بوائلر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، حادثے میں زخمی ہونے والے مزدور کو نجی اسپتال منتقل کیردیا گیا۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری تھانے کے علاقے کورنگی نمبر6 جمعہ گوٹھ  ٹی بی اسپتال کے قریب گھر میں مبینہ  طور پر گیس کاچولہا پھٹنے سے خاتون سمیت 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں سول برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں 19 سالہ مہک زوجہ اسماعیل اور 25 سالہ اسماعیل ولد مقبول حسین شامل ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق دونوں آپس میں میاں بیوی ہیں۔

Load Next Story