کراچی: اہلیہ پر تیزاب گردی کے مقدمے میں ملزم شوہر کی ضمانت منظور
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی نے لیاقت آباد میں اہلیہ پر تیزاب گردی کے مقدمے میں مبینہ سہولت کار ملزم شوہر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کی عدالت کے روبرو لیاقت آباد میں اہلیہ پر تیزاب گردی کے مقدمے میں مبینہ سہولت کار ملزم شوہر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزم شوہراویس کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے اور ملزم کی رہائی کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اویس متاثرہ خاتون اریج کا شوہر ہے جس نے اپنے دوست بلال کو تیزاب پھینکنے کے لیے پیسے دیے تھے۔
تیزاب سے خاتون کی گردن جھلس گئی تھی، ملزم بلال عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے، واقعے کا مقدمہ تھانہ لیاقت آباد میں درج کیا گیا تھا۔