ہیری کین انگلینڈ کیلیے تاریخ رقم کرنے کو تیار؟ بیلن ڈی اور جیتنے کی افواہیں زیر گردش
انگلینڈ کے اسٹرائیکر ہیری کین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہیں 2026 کے بیلن ڈی اور ایوارڈ کا فاتح قرار دیے جانے کی اطلاع مل چکی ہے۔
تاہم بائرن میونخ کے انگلش اسٹار کے بیلن ڈی اور جیتنے کی خبر کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے کپتان اس ہفتے فاتح کی خصوصی فوٹو شوٹ مکمل کروا سکتے ہیں۔
یہ پیشرفت ایوارڈ کی تقریب سے چند روز قبل سامنے آئی ہے جس کے بعد فٹبال شائقین میں قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔
اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوا تو ہیری کین 2001 میں مائیکل اوون کے بعد بیلن ڈی اور جیتنے والے پہلے انگلش فٹبالر اور بائرن میونخ کے لیے 45 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
کین کے ساتھی کھلاڑی سرج گنابری بھی ان کی کامیابی کے حق میں رائے دے چکے ہیں۔
ان کے مطابق کین نے ملکی اور یورپی مقابلوں میں گولز کرکے اس اعزاز کے لیے اپنی مضبوط امیدواریت ثابت کی ہے۔
کین نے بنڈس لیگا اور چیمپئنز لیگ میں نمایاں گول اسکورنگ کے ذریعے گولڈن شو بھی حاصل کیا۔
تاہم لامین یمال، کائیلیان ایمباپے، روڈری، وینیسیئس جونیئر اور جوڈ بیلنگھم جیسے نام بھی مقابلے میں زیرِ بحث ہیں۔
بیلن ڈی اور کے فاتح کا باضابطہ اعلان 26 اکتوبر کو لندن میں ہونے والی تقریب میں متوقع ہے۔اس وقت تک ہیری کین کی جیت سے متعلق خبریں غیر مصدقہ ہیں۔