بھارتی اداکار 37 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
تامل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار کارتھک سبیش 37 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، وہ منگل 20 اکتوبر کو بیماری کے باعث چل بسے۔ ان کے انتقال سے صرف تین روز قبل ان کے چچا اور معروف موسیقار دیوا بھی دنیا سے رخصت ہوئے تھے، جس کے باعث تامل فلمی حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔
کارتھک سبیش، آنجہانی موسیقار سبیش کے صاحبزادے تھے۔ ان کے والد موسیقار مرلی کے ساتھ سبیش، مرلی کی جوڑی کا حصہ رہے تھے۔ کارتھک نے تامل سنیما میں کام کیا اور ان کی فلموں میں ’دھم‘، ’ولّاون‘، ’پٹّاتھو یانائی‘، ’ادھیام این ایچ 4‘، ’برما‘، ’کادھل سولا وندھین‘ اور ’کولیر 100 ڈگری‘ شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، کارتھک کی آخری رسومات منگل کی شام ساڑھے چار بجے چنئی کے علاقے والسراواکم میں واقع قبرستان میں ادا کی جانی تھیں۔ اداکار رمیش تھلک اور جے نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کارتھک کی موت سے تین دن پہلے، 75 سالہ موسیقار دیوا 17 اکتوبر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ انہیں طبی امداد کے لیے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
دیوا نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں تامل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم زبانوں کی 400 سے زائد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔ وہ سپر اسٹار رجنی کانت کے لیے مخصوص تعارفی دھنوں کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے تھے۔
دیوا کے انتقال پر رجنی کانت، کمل ہاسن اور تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے سمیت متعدد معروف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ رجنی کانت ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچے اور اس موقع پر جذباتی دکھائی دیے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے موسیقار کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یاد کیا اور بتایا کہ دیوا نے ان کی تین فلموں ’انّامالائی‘، ’باشا‘ اور ’اروناچلم‘ کی موسیقی ترتیب دی تھی، جو کامیاب ثابت ہوئیں۔