کراچی: وینس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، تمام پاکستانی کھلاڑیوں کو شکست

بائی حاصل کرنے والے واحد پاکستانی محمد عاصم خان کی قسمت کا فیصلہ دوسرے راونڈ میں جمعرات کو ہوگا

پاکستان میں وینس اے بی سی اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا کریک کلب میں باقاعدہ افتتاح ہوگیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق 82 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئین شپ کے پہلے راونڈ میں بدھ کو تین خواتین سمیت تمام نو پاکستانی کھلاڑیوں کو شکست ہوگئی۔ بائی حاصل کرنے والے واحد پاکستانی محمد عاصم خان کی قسمت کا فیصلہ دوسرے راونڈ میں جمعرات کو ہوگا۔

چیمپئین شپ کے مینز ایونٹ کے پہلے راونڈ میں پاکستان کے عالمی نمبر 92 ناصر اقبال کوعالمی نمبر 125 کینیڈا کے صالح ایلٹورگمین نے 36 منٹ کے مقابلے میں 0-3 سے اپ سیٹ مات دی۔

عبدالسعید کو جاپان کے ناوکی حیاشی نے 1-3، اذان علی خان کومصر کے زید ابراہیم نے 0-3، انس علی شاہ کو ملائشیا کے یی زیان سیونے 1-3، عبدالباسط خان کو ہانگ کانگ کے چی ہم وونگ نے 0-3 اورعبداللہ نواز کو ملائشیا کے اشیش نیرج چندرن نے 0-3 سے ٹھکانے لگادیا۔

بائی ملنے پر براہ راست پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے آٹھ کھلاڑیوں میں شامل واحد پاکستان کھلاڑی عالمی نمبر 77 محمد عاصم خان جمعرات کوعالمی نمبر 90 ملائشیا کے محمد شفیق کمال کو زیر کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ویمن ایونٹ میں شریک تینوں پاکستان کھلاڑی بھی پہلے راونڈ تک محدود رہیں۔ سماعت اور قوت گویائی سے محروم عالمی نمبر 179 پشاور کی ثنا بہادر کو جاپان کی عالمی نمبر 91 آکاری میڈوریکاوا نے قابو کرلیا۔

انعم عزیز کو مصر کی ملک فتح اور روشنا محبوب کو سنگا پور کی وائی یوان ایو یونگ نے شکست دے دی۔

چیمپئن شپ میں 12 ممالک کے 48 مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔ فائنلز اور اختتامی تقریب 25 کو طے ہے۔

Load Next Story