گڈاپ فارم ہاؤس سے 50 سے زائد خواتین کے موبائل فون لے کر فرار ہونے کے کیس میں اہم پیشرفت

انویسٹی گیشن پولیس نے مرکزی ملزم کے پڑوسی کو گرفتار کرلیا، دونوں ایک دوسرے سے رابطے میں تھے

گڈاپ کے فارم ہاؤس میں نوکری اور تریبت کا جھانسہ پر بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے موبائل فونز لے کر فرار ہونے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے واردات کے مرکزی ملزم ساحل سلمان کے پڑوسی کو گرفتار کرلیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کا پڑوسی بھی واقعے میں ملوث نکلا جسے بلدیہ ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کے موبائل فون ڈیٹا سے مرکزی ملزم سے رابطے کی بھی تصدیق ہوئی ہے جس سے شبہ ہے کہ وہ بھی واردات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم کے ساتھ ملوث رہا ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم ساحل سلمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتار حاصل کی ہوئی جس کی سماعت 24 اکتوبر کو ہے۔

واضح رہے گڈاپ کے فارم ہاؤس پر خواتین کے 50 سے زائد موبائل فون لیکر فرار ہونے کا واقعہ 30 ستمبر کو پیش آیا تھا۔

Load Next Story