آسٹریلوی ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر میگن شٹ پر پابندی عائد
آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر میگن شٹ کو نسخے پر ملنے والی ادویات کے استعمال سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر دو میچز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق یہ واقعہ ٹیم کے مقابلوں سے باہر وقفے کے دوران پیش آیا اور اس کا کارکردگی بہتر بنانے والی ادویات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
33 سالہ میگن شٹ نے سزا قبول کرلی ہے جس کے تحت وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ویمنز بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا کہ خلاف ورزی کھیلوں کی سائنس اور میڈیکل گائیڈ لائنز کے تحت نسخے والی ادویات کے استعمال سے متعلق تھی۔
ادارے نے واضح کیا کہ پابندی بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں پر لاگو ہوگی۔
https://x.com/ICC/status/2113145962474651978?s=20
میگن شٹ نے اپنے بیان میں غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ مقابلوں سے باہر ہونے کے باوجود ان پر ضوابط کی پابندی کرنا لازم تھا۔
تحقیقات کے دوران شٹ نے جنوبی آسٹریلیا کی جانب سے ایک ڈومیسٹک میچ اور بنگلادیش کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلے۔
ان مقابلوں میں انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ذاتی استعمال کے لیے تجویز کردہ ادویات کا استعمال ممنوع نہیں تاہم ان کے استعمال کے لیے مقررہ قواعد پر عمل کرنا ضروری ہے۔