تہران میں ٹرمپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دکھانے والی طنزیہ آرٹ تنصیب نصب
ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دکھانے والی ایک طنزیہ آرٹ تنصیب نصب کی گئی ہے، جس کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر طنز کیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران کے شمالی علاقے میں واقع تجریش اسکوائر پر نصب اس تنصیب میں ایک اداکار کو ٹرمپ کا روپ دھارے مصنوعی جیل کی کوٹھڑی میں چہل قدمی کرتے اور بیٹھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
بل بورڈ کی طرز پر بنائی گئی اس آرٹ تنصیب پر درج عبارت میں کہا گیا ہے کہ ’یہ منظر نہ دیکھنا ایک جرم ہے۔‘ اس کے ساتھ موجود دیگر پیغامات میں ایران کے جنوبی قصبے سرکیک میں ستمبر کے اوائل میں شادی کی تقریب پر ہونے والے امریکی حملے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تنصیب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں امریکی صدر کی علامتی اور طنزیہ عکاسی کرتی ہے۔
تہران کی 30 سالہ رہائشی فرزانہ عرب زادہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ آرٹ تنصیب میں دکھایا گیا منظر ایک دن حقیقت بن جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایران پر حملہ کرکے جنگ شروع کی، جس کے نتیجے میں ایرانی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
https://x.com/AB4_Ali3/status/2112877104274518338
یہ تنصیب ایران میں امریکی پالیسیوں اور ٹرمپ کے اقدامات کے خلاف پائے جانے والے غصے کے اظہار کے طور پر سامنے آئی ہے۔