گلوکار سجاد علی کے بھائی وقار علی کینسر کے مرض میں مبتلا
پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی کے بھائی، گلوکار اور موسیقار وقار علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور مرض چوتھے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق یہ خبر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں وقار علی نے لکھا کہ یہ خبر ان کے اور ان کے خاندان کے لیے ایک مشکل مرحلے کا آغاز ہے، تاہم وہ ایمان، حوصلے اور امید کے ساتھ ہر دن گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
موسیقار کے مطابق اپنی بیماری کے بارے میں بتانا آسان نہیں تھا، لیکن انہیں محسوس ہوا کہ ان لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے جو برسوں سے ان کے سفر کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل محبت اور حوصلہ افزائی کرتے آئے ہیں۔
وقار علی نے کہا کہ موسیقی ہمیشہ ان کے لیے لوگوں سے جڑنے کا ذریعہ رہی ہے۔ مداحوں نے ان کے کام کو جو محبت دی، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عاجزی کے ساتھ سب سے دعاؤں کی درخواست کی۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ آنے والا وقت کیا لے کر آئے گا، تاہم انہیں دعاؤں کی طاقت، ایمان کے سہارے اور اس احساس پر یقین ہے کہ بہت سے لوگ ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔
وقار علی کی جانب سے بیماری کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار شروع کر دیا ہے۔