خیبرپختونخوا؛ صوبائی محکموں میں تعینات لیگل ایڈوائزرز، فارسٹ اسٹینڈنگ کونسلز ڈی نوٹیفائی
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کی حکومت نے صوبے کے تمام انتظامی محکموں میں تعینات لیگل ایڈوائزرز اور فارسٹ اسٹینڈنگ کونسلزکو ڈی نوٹیفائی کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے اور فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ قانون خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام انتظامی سیکریٹریز کو جاری مراسلے میں تمام انتظامی محکموں کو لیگل ایڈوائزرز اور فارسٹ اسٹینڈنگ کونسلز فوری ڈی نوٹیفائی کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلہ کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ لیگل ایڈوائزرز اور فاریسٹ اسٹینڈنگ کونسلز کو مدت تعیناتی سے قطع نظر ڈی نوٹیفائی کیا جائے، تمام انتظامی محکمےآج ہی ڈی نوٹیفکیشن جاری کرکے محکمہ قانون کو آگاہ کریں۔
محکمہ قانون نے مراسلے میں مزید کہا ہے کہ سرکاری محکموں کے قانونی امور کی انجام دہی کے لیے نئی تعیناتی سے متعلق سفارشات کاعمل فوری شروع کیا جائے۔
مشیر قانون برائے گورنر مشاورتی کونسل عامر جاوید کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل آفس کی طرح سرکاری محکموں میں بھی جلد وکلا کی تقرری کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری وکلا کی تقرری کا عمل میرٹ پر ہوگا اور ہٹائے جانے والے وکلا میں سے اگر کوئی میرٹ پر پورا اترا تو ان کو بھی واپس لیا جاسکتا ہے۔
مراسلے کی نقول تمام ایڈیشنل سیکریٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)، تمام انتظامی سیکریٹریز اور دیگر کو ارسال کی گئی ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس فیصلے سے 300 سے زائد لیگل ایڈوائزرز کو فارغ کیا جا رہا ہے۔
حکومت کی کوشش ہے کہ اس ضمن میں نئے نوجوان وکلا کو سامنے لایا جائےجو بہتر انداز میں اپنے محکموں کا دفاع کر سکیں۔