پلاسٹک فیکٹری سے ڈھائی کروڑ کا سامان چوری کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
دونوں ملزمان گزشتہ دو سال سے مالکان کو چکما دے رہے تھے
لاہور:
باغبان پورہ پولیس نے پلاسٹک فیکٹری سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سجاد اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر مل کر فیکٹری سے سامان چوری کیا۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کی 40 بوریاں برآمد کرلی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان گزشتہ دو سال سے مالکان کو چکما دے رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔