کراچی: ہاکس بے پر ڈوبنے والے نوجوان کی لاش سمندر کے کنارے سے مل گئی

نوجوان کی شناخت 16 سالہ مزمل ولد ممتاز کے نام سے کی گئی

کراچی:

ہاکس بے سینڈز پٹ پر جمعرات کو ڈوبنے والے نوجوان کی لاش سمندر کے کنارے سے مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہاکس بے سینڈز پٹ کے قریب سمندر سے نوجوان کی ڈوبی ہوئی لاش ملی، متوفی کی لاش ایدھی کے غوطہ خوروں نے سمندر سے نکال کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ماڑی پور تھانے منتقل کی۔

ترجمان ایدھی عظیم کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 16 سالہ مزمل ولد ممتاز کے نام سے کی گئی، متوفی بلدیہ اتحاد ٹاؤن قائم خانی کالونی کا رہائشی تھا۔

متوفی جمعرات کے اپنے محلے کے چار سے پانچ دوستوں کے ہمراہ سمندر پر تفریح کے لیے آیا تھا کہ نہاتے ہوئے ڈوب گیا، متوفی کے دوست گھر چلے گئے تاہم انہوں نے مزمل کے ڈوبنے کی اطلاع کسی کو نہیں دی۔

دیر رات تک مزمل کے گھر نہ آنے پر گھر والوں کو تشویش ہوئی معلومات کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ کس کے ساتھی گیا تھا۔

گھر والوں نے ان تمام دوستوں کے گھر جا کر معلوم کیا تو پتہ چلا کہ مزمل سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا ہے۔

بعدازاں گھر والے اس کے دوستوں کو اپنے ہمراہ لے کر ہاکس بے آئے اور تلاش شروع کی، صبح لاش ساحل پرآگئی ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

Load Next Story