سارو گنگولی کی فلم ’دوسرا‘ کی ریلیز روکنے کی درخواست مسترد

فلم سازوں کا مؤقف ہے کہ ’دوسرا‘ گنگولی کی سوانح عمری نہیں بلکہ راجستھان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی کہانی ہے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کو اپنی شخصیت کے حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت سے فوری ریلیف نہ مل سکا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے سارو گنگولی کی فلم ’دوسرا‘ کی ریلیز روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

فلم آج 23 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے جبکہ گنگولی نے فلم میں اپنے مشہور کرکٹ لمحات اور شناخت کے مبینہ غیر مجاز استعمال پر اعتراض اٹھایا تھا۔

ان میں 2002 کی نیٹ ویسٹ سیریز کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد لارڈز کی بالکونی میں ان کا شرٹ اتار کر لہرانا بھی شامل ہے۔

گنگولی اور پروڈکشن ہاؤس لوو فلمز ایل ایل پی کا مؤقف ہے کہ فلم کے ٹریلر اور تشہیری مہم میں ان کی شخصیت کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا جس سے یہ تاثر مل سکتا ہے کہ وہ فلم سے وابستہ ہیں۔

دوسری جانب فلم سازوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ’دوسرا‘ گنگولی کی سوانح عمری نہیں بلکہ راجستھان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی کہانی ہے جو ان سے متاثر ہوکر روایتی پابندیوں کو چیلنج کرتی ہے۔

فلم کے ہدایت کار ابھینے دیو ہیں اور پلابیتا بورتھاکر مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

عدالت میں کیس کی مزید سماعت بھی آج 23 اکتوبر کو ہی مقرر کی گئی ہے۔

Load Next Story