سندھ ہائیکورٹ: طلبہ یونین کے انتخابات نہ کرانے کیخلاف درخواست پر رجسٹرار جامعہ کراچی عدالت طلب
فوٹو: فائل
سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی میں طلبہ یونین کے انتخابات نہ کرانے کے خلاف درخواست پر رجسٹرار جامعہ کراچی کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
جسٹس علی حیدر نے ریمارکس دیے کہ رجسٹرار جامعہ کراچی پیش ہوکر وضاحت دیں کہ 2019 کے قانون پر اب تک عمل کیوں نہیں کیا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ جب 2019 میں ایکٹ بن گیا تھا تو طلبہ یونین کے انتخابات اب تک کیوں نہیں کرائے گئے؟۔
سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے بارے میں بھی استفسار کیا جس پر عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ درخواست گزار قانون کے طلبہ ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ طلبہ یونینز جمہوری اقدار اور قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
عدالت نے درخواست پر مزید سماعت نومبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔