آر فور ممالک کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، سعودی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ
فوٹو: ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک نے حوثیوں کے حملے کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے اس کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور ان حملوں کی مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا استنبول میں چھٹا آر 4 اجلاس ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی، اجلاس میں ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی بھی شریک ہوئے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کا نیویارک میں گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا، مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور اس سے جڑے سیکیورٹی چیلنجز اور تنازعات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ آر فور ممالک کا سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا، اس موقع پر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کی گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ آر 4 اجلاس میں تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام کی اہمیت پر زور دیا گیا، علاقائی رابطہ کاری مضبوط بنانے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، چاروں ممالک کا پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ای فور اور آر فور ممالک کا اجلاس
استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل آر فور اور فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ پر مشتمل ای فور پر مشتمل ای فور ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔
ترجمان دفترخاجہ کے مطابق اجلاس میں خلیج کی صورت حال کے سماجی اور اقتصادی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کو درپیش چیلنج کے حل کے لیے سفارتی کوششیں ہنگامی طور پر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پنے ہم مناصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے، بڑھتی ہوئی بدامنی روکنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی اور ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے،
ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں شریک ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس معاملے پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار کی جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے استنبول میں آر فور اور ای فور وزارتی اجلاس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فول سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک-جرمن دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مسلسل رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے پاک-جرمن تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل عالمی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آر فور فریم ورک کے ساتھ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے تعمیری روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے باعث تشویش امور پر مسلسل مشاورت اور سفارتی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔