وانوآٹو میں یکے بعد دیگرے طاقتور زلزلے، سونامی وارننگ جاری

پہلا زلزلہ ابتدائی طور پر 7.2 شدت کا ریکارڈ ہوا

بحرالکاہل کے جزیرہ ملک وانوآٹو کے قریب ہفتے کے روز چند منٹ کے وقفے سے دو طاقتور زلزلے آئے، جس کے بعد سونامی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے لیے وارننگ جاری کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلا زلزلہ ابتدائی طور پر 7.2 شدت کا ریکارڈ ہوا، جسے بعد میں 6.9 شدت پر نظرثانی کیا گیا۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔ 

پہلے جھٹکے کے تقریباً چار سے پانچ منٹ بعد 6.3 شدت کا دوسرا زلزلہ بھی آیا۔ دونوں زلزلوں کے مرکز وانوآٹو کے شمالی ساحل سے دور سمندر میں، پورٹ اولری کے قریب تھے۔ بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدا میں خبردار کیا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر تک کے ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔ 

بعد ازاں علاقے میں مزید کئی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر کم از کم نو زلزلے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، جن میں متعدد آفٹر شاکس بھی شامل ہیں۔

فی الحال زلزلوں کے نتیجے میں جانی یا بڑے مالی نقصان کی کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم حکام اور زلزلہ پیما ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وانوآٹو بحرالکاہل کے انتہائی زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، جہاں زیرِ سمندر زلزلوں اور ان کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کا خطرہ نسبتاً زیادہ رہتا ہے۔

Load Next Story