پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والے ملزم کو تھانے میں تھپڑ مارنے کی ویڈیو سامنے آگئی
لاہور کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پٹرول پمپ کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم ادریس بھٹی کو تھانے میں ملازم کی جانب سے تھپڑ مارنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تھپڑ مارنے کی ویڈیو شیئر کردی۔
ملزم نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پٹرول پمپ کے ورکر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور سنگین دھمکیاں دینے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ واقعے میں ملازم پر تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی تلاش کرلی۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے پراڈو کرائے پر حاصل کر رکھی تھی۔ کرایہ داری کی رسید کے ذریعے ملزم کی شناخت ادریس بھٹی کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پہلی ویڈیو میں ایک شخص سیاہ گاڑی سے نکل کر پیٹرول پمپ کے ملازم کو تھپڑ مارتا دکھائی دیتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں اسی شخص کو پولیس حراست میں وہی ملازم تھپڑ مارتا نظر آتا ہے۔
مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’یہ اُن بگڑے ہوئے اور مغرور لوگوں کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے جو غریبوں کو اپنے سے کمتر انسان سمجھتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ دولت اور طاقت کے بل بوتے پر وہ قانون سے بالاتر ہو سکتے ہیں اور جو چاہیں کر کے بچ نکلیں گے‘۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوں، چاہے اُن پر ظلم کرنے والا کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ کسی کی دولت، اثر و رسوخ یا سیاسی تعلقات اُسے قانون کے کٹہرے میں جواب دہ ہونے سے نہیں بچا سکتے۔‘
This is a tight slap in the face of those entitled, spoiled brats who look down upon the poor as if they were lesser human beings. They arrogantly believe that money and power put them above the law, allowing them to exploit, intimidate, and act with impunity.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 23, 2026
Let me make one… pic.twitter.com/nuDZcYQ4qw