’کچا بادام‘ کی گلوکارہ انجلی اروڑا کو ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس
بھارتی سوشل میڈیا اسٹار اور اداکارہ انجلی اروڑا ایک تقریب میں مختصر پرفارمنس کے باعث تنازع کا شکار ہوگئی ہیں۔ کانپور میں تقریب منعقد کرنے والے منتظمین نے اداکارہ کو ایک کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لیے سروپ نگر پولیس اسٹیشن سے بھی رجوع کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین کا الزام ہے کہ انجلی اروڑا نے معاہدے کے تحت 45 منٹ پرفارم کرنا تھا، تاہم انہوں نے صرف 12 منٹ اسٹیج پر گزارے اور پھر تقریب سے روانہ ہوگئیں۔ منتظمین نے اپنے نوٹس میں مبینہ مالی نقصان کے ساتھ اپنی سماجی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو پہنچنے والے نقصان اور ذہنی اذیت کے ازالے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
تقریب کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ وہاں موجود لوگوں نے اداکارہ کے رویے کا مشاہدہ کیا۔ ان کے مطابق انجلی اس وقت ناراض ہوگئیں جب تقریب میں ان کا مشہور گانا ’کچا بادام‘ چلایا گیا، حالانکہ اسی گانے نے انہیں سوشل میڈیا پر شہرت دلائی تھی۔
دوسری جانب انجلی اروڑا نے انسٹاگرام پر تین ویڈیوز شیئر کرکے اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ’کچا بادام‘ گانے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، بلکہ ان کے تحفظات سیکیورٹی انتظامات اور ذاتی حدود کا خیال نہ رکھنے سے متعلق تھے۔ اداکارہ کے مطابق ہوٹل کے کمرے کی ڈور بیل بار بار بجائی جاتی رہی اور متعدد افراد تصاویر بنوانے کے لیے ان کے کمرے میں داخل ہوتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق تقریب کے منتظمین نے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق انجلی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ معاملے میں دونوں فریقین کے مؤقف سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی کی صورت حال پر مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔