امریکی صدر کا ٹوٹا ہوا گھرانہ؛ کینسر میں مبتلا وینیسا ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا

وینیسا ٹرمپ کے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے پانچ بچے ہیں

امریکی صدر کا ٹوٹا ہوا گھرانہ کینسر میں مبتلا وینیسا ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی سابق اہلیہ وینیسا ٹرمپ گزشتہ چھ ماہ سے بریسٹ کینسر سے زندگی و موت کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 48 سالہ وینیسا ٹرمپ نے اپنی 19 سالہ بیٹی کائی ٹرمپ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں اعلان کیا کہ وہ بریسٹ کینسر سے صحت یاب ہوگئیں اور ان کے حالیہ طبی ٹیسٹوں کینسر کی علامات سامنے نہیں آئیں۔

وینیسا ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں رواں سال اپریل میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے سرجری کروائی اور اپنے معالجین کے ساتھ مزید علاج کا منصوبہ ترتیب دیا۔

کائی ٹرمپ نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ اپنی والدہ اور ڈاکٹر نکول سفیئر کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو پر مبنی ویڈیو جاری کریں گی جس میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، جلد تشخیص اور بچاؤ کے طریقوں پر بات کی جائے گی۔

یہ اعلان اکتوبر میں کیا گیا ہے، جسے دنیا کے کئی ممالک میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر طبی ماہرین خواتین کو باقاعدہ طبی معائنے، علامات سے آگاہی اور ضرورت پڑنے پر بروقت تشخیص کی اہمیت بتاتے ہیں۔

امریکی کینسر سوسائٹی کے مطابق امریکا میں خواتین کو زندگی کے دوران بریسٹ کینسر ہونے کا اوسط خطرہ تقریباً آٹھ میں سے ایک ہے۔ بیماری کی نوعیت اور مرحلے کے مطابق علاج میں سرجری، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی اور ہارمونل علاج شامل ہوسکتے ہیں۔

وینیسا ٹرمپ کے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے پانچ بچے ہیں۔ دونوں نے 2018 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔ بعد ازاں وینیسا کے نام کو امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز کے ساتھ بھی جوڑا گیا اور دونوں نے گزشتہ سال اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی۔

وینیسا کے کینسر فری ہونے کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مئی میں سوشل میڈیا پر اپنی بیماری کے بارے میں عوامی طور پر بتایا تھا۔


Load Next Story