پاکستان نیوی کی ایتھلیٹ امتل رحمان کا اولمپکس میں شرکت کا خواب

ایتھلیٹ  امتل رحمان نے قومی ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گولڈ میڈلز جیتے

54ویں  قومی ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گولڈ اور ایک برانز میڈل جیتنے والی پاکستان نیوی کی خاتون ایتھلیٹ  امتل رحمان نے اولمپک مقابلوں میں شرکت کا خواب دیکھ لیا۔

کراچی میں جاری لوک سہتا قومی ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں مجموعی طور پر پانچ میڈلز جیتنے والی امتل رحمان نے ہفتہ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹارٹن ٹریک پر ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش اور تمنا ہے کہ اگلے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کروں، اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہوں، آنے والے مقابلوں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کروں گی،امید ہے کہ جلد ہی قومی ریکارڈز بھی بنانے میں کامیاب ہو جاؤں گی۔

چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی امت الرحمن نے کہا کہ پاکستان نیوی کی جانب سے  بہترین سہولیات اور کوچ عبدالمجید کی زیر نگرنی اعلی تربیت کی بدولت قومی ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔

 لاہور کے نجی یونیورسٹی کی طالبہ امت النمان نے کہا کہ نو برس بعد کراچی میں ہونے والی چیمپین شپ میں لوک سہتا کی جانب سے عمدہ انتظامات قابل تعریف رہے جبکہ ملک بھر سے آنے والے مرد اور خواتین ایتھلیٹس کو کراچی میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے اظہار کے موقع ملے۔

امتل رحمان نے  خواتین کی لانگ جمپ،  ہائی جمپ،  ٹریپل جمپ اور پینٹاتھلوں میں پہلی پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈلز جیتے جبکہ وہ 4 بائی 100 مکسڈ ریلے  میں برانز میڈل جیتنے والی پاکستان نیوی کی ٹیم میں شامل تھیں۔

Load Next Story