سہ ملکی سیریز، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج پاکستان اور انگلش ٹیم مدمقابل ہوں گی
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم سیریز میں اب تک ناقابلِ شکست ہے اور اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت چکی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 37 رنز سے ہرایا، جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔
میچ میں کھلاڑی موذی مرض کینسر سے آگاہی مہم کے تحت پنک کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کو سیریز میں اب تک کامیابی نہیں ملی۔ اسے پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد تیسرے میچ میں سری لنکا نے بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے مات دی۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے ابتدائی تین میچ راولپنڈی میں کھیلے گئے، جبکہ بقیہ مقابلے اور فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
آج کے میچ میں پاکستان کی نظریں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے پر ہوں گی، جبکہ انگلینڈ شکستوں کا سلسلہ توڑ کر سیریز میں واپسی کی کوشش کرے گا۔