اینٹی کار لفٹنگ سیل کی کارروائی خاتون سمیت6ملزمان گرفتار

پولیس ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے

ملزم توفیق موٹر سائیکلیں چوری اور چھین کر انھیں مختلف علاقوں میں فروخت کر دیتا ہے. فوٹو: فائل

اینٹی کار لفٹنگ سیل نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے 9 گاڑیاں اور 6موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل خرم وارث نے شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے انسپکٹر سرفراز کی نگرانی سب انسپکٹر خورشید خان اور عمران گجر پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی۔


جس نے خفیہ اطلاع ملنے پر گڈاپ ، بن قاسم اور لائنز ایریا میں چھاپے مار کر نسیم بی بی دختر اﷲ وسایا کے علاوہ دیگر 5 ملزمان حسن علی ، فہیم اکبر ، گل خان ، طالب حسین اور توفیق کو گرفتار کر کے ان کے قبضے و نشاندہی پر 9 گاڑیاں ACT-860 ، Z-2634 ، U-0790 ، AGL-120 ، CJ-5561 ، CJ-9375 ، AYA-169 ، AXA-352 اور سرکاری گاڑی نمبر GS-2007 کے علاوہ 6 موٹر سائیکلیں AFX-3300 ، KCX-1620 ، KCT-3121 ، KAR-4232 ، DUA-1252 اور KEU-1562 برآمد کرلیں ۔

خرم وارث نے بتایا کہ ملزم طالب حسین ہائی وے پر پولیس سے بچنے کے لیے ملزمہ نسیم بی بی کو چھینی یا چوری کی گئی گاڑی میں بٹھا کر اندرون سندھ لے جایا کرتا تھا جبکہ گرفتار ملزمان حسن علی ، فہیم اور گل خان کا تعلق سنی گروپ سے ہے جو کہ اس وقت شہر میں گاڑیوں کی چھینا جھپٹی میں سرفہرست ہے اور اس کے کارندے گاڑیاں بلوچستان اور پنجاب لیجاتے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ مذکورہ گروپ کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم توفیق موٹر سائیکلیں چوری اور چھین کر انھیں مختلف علاقوں میں فروخت کر دیتا ہے جبکہ ملزم موٹر سائیکلوں کو پارٹس کی شکل میں بھی فروخت کرتا ہے پولیس ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔
Load Next Story