ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امیری میں قید نہیں ہونا چاہیے، عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم نے 2 سال میں 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس اور انٹرنیٹ فراہمی کا اعلان کردیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت میں قید نہیں ہونا چاہیے،  ہونہار طلبا کو با اختیار بنانے کے لیے عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، ماضی میں نواز شریف کی زیر قیادت 6 لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ملک بھر کے سکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی فراہمی کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تقریب میں غیرملکی مہمان بھی موجود ہیں جن کا خیرمقدم کرتے ہیں جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر یہ طلبا و طالبات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جس قدر وسائل درکار ہوئے، وہ فراہم کریں گے، تعلیم ایک ایسی دولت ہے جسے چوری نہیں کیا جا سکتا، تعلیم انسان کو معاشرے میں ممتاز بناتی ہے، دو سال میں پانچ لاکھ طالب علموں تک یہ کروم بکس پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ صرف اور صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلباء و طالبات میں یہ کروم بکس تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں کروم بکس اور کتابوں کیلئے بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی دیا جا رہا ہے تاکہ گھر کے اندر بیٹھ کر بھی وہ ای لائبریری سے استفادہ حاصل کر سکیں اور دنیا سے جہاں چاہیں علم کے حصول کیلئے اس کروم بک کے ذریعے مستفید ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ان جدید آلات کی مدد سے یہ طالب علم ممتاز اور قابل ترین افراد میں شمار ہوں گے۔

 

 

 

وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو قابلیت اور میرٹ کی بنیاد لیپ ٹاپ دیئے گئے۔

اس تقریب کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ تقریب میں ملک بھر سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

Load Next Story