پاک فوج کے افسران کا روپ دھار کر مبینہ طور پر لاکھوں روپے بٹورنے والے 2 ملزمان گرفتار
فوٹو: فائل
این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے افسران بن کر شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مزمل اور حمزہ کےناموں سے ہوئی، ملزمان خود کو اعلیٰ فوجی اور سرکاری افسران ظاہر کرتے تھے اور شہریوں کو فوج اور سرکاری محکموں میں اپنے اثر و رسوخ اور تعلقات کا جھانسہ دیتے تھے۔
ملزمان مبینہ طور پر شہریوں سے سرکاری محکموں میں تبادلوں، تعیناتیوں اور دیگر سرکاری امور انجام دلوانے کے نام پر رقوم وصول کرتے تھے، تاہم سرکاری کام کروانے کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دیا جاتا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمہ نمبر 114/2026 درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی دفعات 13، 14 اور 16، ترمیم شدہ 2025، بمعہ دفعہ 109 تعزیراتِ پاکستان شامل کی گئی ہیں،حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم، جعل سازی، سرکاری و فوجی افسران کا روپ دھارنے اور شہریوں کو مالی فراڈ کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی نے کورنگی انڈسٹریل ایریا، کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے افسران کا روپ دھار کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
— NCCIA (@NCCIAOFFICIAL) October 25, 2026
ملزمان مبینہ طور پر حساس ادارے اور سرکاری محکموں میں اثر و رسوخ کا جھوٹا دعویٰ کرتے… pic.twitter.com/miCEevn1iA