نیدرلینڈز: پرندے کو تھری ڈی پرنٹڈ چونچ لگا دی گئی
ایمسٹرڈیم کے ایک چڑیا گھر میں زخمی پرندے کو دنیا میں پہلی بار تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تیار کردہ چونچ کے دو مصنوعی حصے لگا دیے گئے۔
آرٹِس چڑیا گھر میں موجود سدرن ہارن بِل نامی پرندے کو اس کی ضرورت کے مطابق تیار کردہ مصنوعی چونچیں لگائی گئیں۔
یہ چونچیں پلاسٹک سے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تیار کی گئی تھیں جنہیں سرجنز نے پیچوں کی مدد سے پرندے کے ساتھ جوڑ دیا۔ پرندے کی اوپری اور نچلی دونوں چونچیں ٹوٹ گئی تھیں، جس سے اس کی زندگی کے معیار اور خوراک کھانے کی صلاحیت متاثر ہو رہی تھی۔
آرٹِس چڑیا گھر نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ جو پرندہ اپنی چونچ کا کچھ حصہ کھو دیتا ہے، وہ صرف اپنی ظاہری شکل کا ایک حصہ ہی نہیں کھوتا بلکہ اس سے کہیں زیادہ نقصان اٹھاتا ہے۔
اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ اپنی دیکھ بھال نہیں کر سکتا تھا اور زمین سے نسبتاً مشکل خوراک بھی نہیں اٹھا سکتا تھا۔
1838 میں قائم ہونے والا آرٹِس چڑیا گھر دنیا کے قدیم ترین چڑیا گھروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس چڑیا گھر نے نیدرلینڈز کی یوٹریخت یونیورسٹی کے شعبہ ویٹرنری میڈیسن کے ساتھ مل کر اس کم عمر نر پرندے کے علاج میں معاونت کی۔