ڈبلیو ڈبلیو ای لیجنڈ کےزخمی ہونے سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں
(تصویر: انسٹاگرام)
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) لیجنڈ رِک فلیئر نے ریسٹورنٹ کے باہر اچانک گرنے کے واقعے کے بعد اپنی سنگین چوٹوں کی تفصیلات بتا دیں۔
77 سالہ رِک فلیئر جمعے کے روز فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں بری طرح گر کر زخمی ہو گئے، جس کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز کو طلب کر لیا گیا۔
ٹی ایم زیڈ کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں دو مرتبہ شامل ہونے والے رِک فلیئر اس وقت ایک واگاماما ریسٹورنٹ میں موجود تھے۔ وہ بار سے اٹھے، اپنا موبائل فون اور مشروب وہیں چھوڑا اور سڑک پار کرنے کے لیے باہر نکل گئے۔
اسی رپورٹ کے مطابق اس زور دار گرنے کے باعث فلیئر کے سر اور آنکھ کے قریب گہرے زخم آئے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ رِک فلیئر کی آنکھ پر شدید چوٹ آئی ہے۔