دبئی میں آٹومیٹک ٹیکسیوں کے تجربے کیلیے اہم ترین شاہراہ کی 3 لین اور ایئرپورٹ ٹنل بند
دبئی میں آٹومیٹک ٹیکسیوں کی آزمائشی سرگرمی چھ روز تک جاری رہے گی
متحدہ عرب امارات میں خودکار ٹیکسیوں کی آزمائشی سرگرمیوں کے باعث دبئی کی اہم شاہراہ ای 611 کی تین لین اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹنل دونوں اطراف سے 6 روز کے لیے بند کی جائیں گی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے اتوار 25 اکتوبر کو ٹریفک بندش سے متعلق اعلان کیا۔ ایمریٹس روڈ (ای 611) پر المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سامنے تین لین بند رہیں گی، جبکہ ایئرپورٹ کی پوری ٹنل دونوں سمتوں میں ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔
اعلان کے مطابق بندش کا اطلاق 26 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک ہوگا اور روزانہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ٹریفک متاثر رہے گی۔
آر ٹی اے نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنے راستوں کی منصوبہ بندی کریں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر نصب رہنما علامات پر عمل کریں۔
یہ بندش خودکار ٹیکسیوں کی آزمائشی کارروائیوں کے سلسلے میں کی جا رہی ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کو وسعت دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
رواں ماہ متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا تھا کہ ملک میں اگلے سال 10 ہزار سے زائد خودکار ٹیکسیاں اور ڈیلیوری وینز چلانے کا منصوبہ ہے جبکہ ان گاڑیوں کے لیے آرڈرز بھی دیے جا چکے ہیں۔
ابوظبی اور دبئی میں خودکار ٹیکسیوں کی تجارتی خدمات پہلے ہی شروع کی جا چکی ہیں۔ ابوظبی میں یاس آئی لینڈ پر لیول فور خودکار ٹیکسی سروس کو وسعت دی گئی ہے جبکہ دبئی میں ام سقیم اور جمیرا سمیت مختلف علاقوں میں بھی ایسی ٹیکسیاں چلائی جا رہی ہیں۔
ابوظبی موبیلٹی کے مطابق ابوظبی مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کا پہلا شہر بن چکا ہے جہاں مکمل طور پر ڈرائیور کے بغیر چلنے والی لیول فور گاڑیوں کی تجارتی خدمات شروع کی گئیں۔
حکام کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 26 سے 31 اکتوبر کے دوران متاثرہ سڑکوں اور ٹنل کے استعمال سے پہلے متبادل راستوں پر غور کریں تاکہ ٹریفک جام اور سفر میں تاخیر سے بچا جا سکے۔