دبئی؛ پیدل سڑک عبور کرنے والے خبردار ہوجائیں؛ 400 درہم جرمانہ ہوگا
Dubai traffic fine up to 400 derham on padestarian
دبئی میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور سڑکوں کو حادثات سے محفوظ بنانے کے لیے پولیس نے پیدل چلنے والوں کے خلاف آگاہی مہم تیز کردی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مقامات کے علاوہ سڑک عبور کرنے یا پیدل چلنے والوں کے ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے پر 400 درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سڑک عبور کرنے کے لیے زیبرا کراسنگ، پیدل چلنے والوں کے لیے مختص راستوں اور ٹریفک سگنلز کا استعمال کریں۔ سڑک پر قدم رکھنے سے پہلے دونوں جانب سے آنے والی گاڑیوں کا جائزہ لینا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مصروف سڑکوں پر غیر مقررہ مقام سے گزرنے کی کوشش نہ صرف پیدل چلنے والوں کی جان خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ ڈرائیوروں کے لیے بھی ہنگامی اور خطرناک صورتِ حال پیدا کرسکتی ہے۔
ڈرائیوروں کو بھی ہدایت جاری
دبئی پولیس نے گاڑی چلانے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیدل چلنے والوں کی موجودگی میں محتاط رہیں، رفتار کم رکھیں اور مقررہ کراسنگ پر انہیں راستہ دیں۔
پولیس کے مطابق، سڑکوں کو محفوظ بنانا صرف حکام کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ
متحدہ عرب امارات کے وفاقی ٹریفک قانون کے آرٹیکل 89 کے تحت غیر مقررہ مقام سے سڑک عبور کرنے یا پیدل چلنے والوں کے سگنل کی خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
دبئی پولیس نے رہائشیوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد بازی سے گریز کریں اور اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے محفوظ راستوں کا انتخاب کریں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جاسکے۔