شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح والدہ اور اہلیہ کے نام کردی
پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں حاصل ہونے والی کامیابی اپنی والدہ اور اہلیہ کے نام کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں شاداب خان نے کہا کہ الحمدللہ، یہ جیت میری زندگی کی دو بہترین خواتین، والدہ اور اہلیہ کے نام ہے۔ انہوں نے حارث رؤف کو سراہتے ہوئے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے اور حارث نے آخری وکٹ پر شراکت داری کے ذریعے یہ ثابت کردیا۔ شاداب نے پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
Alhamdulilah. I dedicate this win to the 2 most wonderful women in my life: my mother & my wife.
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) October 25, 2026
Special mention for @HarisRauf14, we win only as a team and he showed that today in the partnership. Thank you to my entire team. #PakistanZindabad pic.twitter.com/Thnp2TcZCO
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ قومی ٹیم نے 242 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں حاصل کیا۔
شاداب خان نے ناقابلِ شکست 113 رنز بنائے اور کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی جبکہ حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو سنسنی خیز فتح دلائی۔
پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سنچری اپنی فیملی کے نام کروں گا اور اس کا کریڈٹ بھی انہی کو دوں گا۔
شاداب خان نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران انہیں کراؤڈ کی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی کیونکہ اس وقت کھلاڑی ایک الگ زون میں ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہدف بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہے۔
شاداب خان نے اپنی اننگز کا موازنہ گلین میکسویل کی ورلڈ کپ میں کھیلی گئی اننگز سے کرتے ہوئے کہا کہ میکسویل کی اننگز ورلڈ کپ کی تھی، جبکہ ان کی یہ اننگز ایک سیریز میں اچھی کارکردگی تھی۔
ورلڈ کپ سے متعلق سوال پر شاداب خان نے کہا کہ ابھی ورلڈ کپ بہت دور ہے اور وہ اتنی دور کی منصوبہ بندی نہیں کرتے۔ اگر انہیں ٹیم میں منتخب کیا گیا تو کوشش ہوگی کہ پاکستان کو ورلڈ کپ جتوائیں۔