کراچی میں جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 سے زائد گرفتار ہیں، منعم ظفر

تھانوں سے کال کرکے نمائندوں کو بلایا جارہا ہے، حراست میں لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جا رہی، امیرجماعت اسلامی کراچی

فوٹو: اسکرین گریب

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سے زائد یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اپنے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے تصدیق کی کہ پورے کراچی سے جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تھانوں سے کال کر کے ہمارے منتخب نمائندوں کو بلایا جا رہا ہے اور حراست میں لیے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی بھر میں جماعت اسلامی کے خلاف پولیس نے غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، اطلاعات آرہی ہیں کہ کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں، یہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی جانب سے ترقیاتی کاموں کو روکنے کی سازش ہے، فارم 47 کی پیداوار شہر کی ترقی سے ناخوش ہیں۔ جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر سے متنخب نمائندوں کو تھانے بلا کر حراست میں رکھا گیا ہے، ہمارے منتخب نمائندوں کی گرفتاری فارم 47 کے پیداواروں کی ایما پر کی جارہی ہے، گرفتاریاں تعمیر و ترقی کے کام میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کورنگی کے یوسی چئیرمین خورشید اقبال کے گھر زمان ٹاؤن پولیس موبائل گئی اور تھانے چلنے کا کہا، وہ پولیس کے ساتھ تھانے گئے تو وہاں جا کر تھانے سے باہر جانے سے منع کر دیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چنیسر ٹاؤن کے کونسلر اطہر امام اور مجاہد کو تھانہ ٹیپو سلطان بلایا گیا اور اسی طرح حراست میں رکھا گیا ہے، جناح ٹاؤن یو سی 1 کے وارڈ کونسلر ساجد جیلانی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، سولجر بازار کے وارڈ کونسلر کو بھی حراست میں رکھا گیا ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ اللہ گل کو تھانہ سائٹ سپرہائی وے ڈسٹرک ایسٹ میں رکھا گیا ہے، حراست میں لیے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جا رہی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں خورشید اقبال چیئرمین یوسی 7 زمان ٹاؤن، عادل محمد وائس چیئرمین یوسی 6 گلشن اقبال، اطہر امام کونسلر یوسی 1 چنیسر، جاوید کونسلر یوسی 1 گلشن، ساجد جیلانی وارڈ 3 کونسلر یوسی 1 جناح ٹاؤن، اللہ گل پولیس اسٹیشن سائٹ سپر ہائی وے شامل ہیں۔

آخری خبریں آنے تک توفیق الدین سیکٹریری جماعت اسلامی نے رات گئے بتایا کہ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے تمام منتخب نمائندوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story