کراچی: گڈاپ میں فارم ہاؤس سے 59 لڑکیوں کے موبائل فون لیکر فرار ہونے والا ملزم گرفتار
گڈاپ سٹی پولیس نے انصاری میڈوز فارم ہاؤس میں ملازمت کے جھانسے پر بلائی گئی لڑکیوں کے موبائل فون لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم بابر عرف سلمان ساحل کو گرفتار کرلیا۔
یکم اکتوبر 2026 کو کراچی کے مختلف علاقوں سے تقریباً 59 لڑکیوں کو بحریہ ٹاؤن میں ایکٹیویٹی کے نام پر ایونٹ میں ملازمت اور انٹرویو کا جھانسہ دیکر گڈاپ سٹی کے علاقے میں واقع انصاری میڈوز فارم ہاؤس، نزد بقائی کیڈٹ کالج، بلایا گیا تھا۔
ملزم نے اپنا نام ساحل سلمان ظاہر کیا اور لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرنے کے بعد تمام موبائل فونز لے کر فارم ہاؤس سے فرار ہوگیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڈاپ سٹی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس بک کرانے والے وقاص اور کوآرڈینیٹر نرگس نامی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ بعد میں مزید دو ملزمان شہزاد خان اور مونو عرف عاشق حسین بھی گرفتار ہوئے تاہم موبائل فون لے کر فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری تھی۔
گڈاپ سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم بابر عرف سلمان ساحل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 40 موبائل فون برآمد ہوئے، جنہیں وہ فروخت کرنے کے لیے لے جا رہا تھا، جبکہ ایک پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزم بابر اس واردات کا مرکزی منصوبہ ساز ہے، جس نے فلم دیکھ کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی۔ واقعے میں ملوث ملزم کے دو ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
واقعے کا مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے، جبکہ مقد ملزم سے دوران گرفتاری برامدہ اسلحہ کی بابت بھی کاروائی کی جا رہی ہے جبکہ گرفتار ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔