سہ ملکی سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں کئی نئے ریکارڈز قائم
پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ناقابلِ یقین کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
دونوں کھلاڑیوں نے دسویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 89 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو ایک وکٹ سے تاریخی کامیابی دلائی۔
شاداب خان نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جو ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے قبل اس پوزیشن پر دو کھلاڑی سنچریز بنا چکے تھے۔
شاداب اور حارث کی شراکت کامیاب ون ڈے ہدف کے تعاقب میں دسویں وکٹ کی سب سے بڑی ناقابلِ شکست شراکت بن گئی جس نے ویسٹ انڈیز کے ڈیرک مرے اور اینڈی رابرٹس کا 1975 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 64 رنز کی شراکت کا ریکارڈ توڑ دیا۔
لسٹ اے کرکٹ میں کامیاب تعاقب کے دوران یہ دوسری بڑی شراکت ہے۔
شاداب نے پاکستان کے مجموعی 243 رنز میں 113 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعے تقریباً 46.5 فیصد حصہ ڈالا۔
انہوں نے حارث رؤف کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ گرنے کے بعد ٹیم کو 112 رنز فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے دسویں وکٹ کی شراکتوں میں مجموعی طور پر 129 رنز بنے جو ون ڈے کرکٹ کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 103 رنز تھا۔
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے کے لیے 3966 گیندیں استعمال کیں اور اس سنگِ میل تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین بولر بن گئے۔