قومی ریسلر اطہر زاہد کے ساتھ پچاس لاکھ روپے کا مبینہ فراڈ
قومی ریسلر اطہر زاہد کے ساتھ پچاس لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کرنے والے ملزم کو عدالت نے جعلی رسید جمع کرانے پر ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج محمد علی وڑائچ نے قومی ریسلر اطہر زاہد کی اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اطہر زاہد نے پیر عاصم علی شاہ کو پچاس لاکھ روپے انویسٹمنٹ کے لیے دیے تھے، ملزم کچھ عرصہ تک منافع کی رقم دیتا رہا۔ پچاس لاکھ کی اصل رقم واپس مانگنے پر ملزم نے اطہر زاہد کو این سی سی آئی اے کی ملی بھگت سے گرفتار کرایا۔
ریسلر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت میں کہا کہ قومی ہیرو اطہر زاہد نے انٹرنیشنل میگا ریسلنگ چیمپئن شپ میں دو دفعہ ہندوستان کو شکست دی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ملزم نے عدالت میں ایک لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن کی جعلی رسید جمع کرائی ہے۔
عدالت نے جعلی رسید جمع کرانے پر ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔