کاسمیٹکس کے شعبے میں اسمگلنگ روکنے کے لیے نیا قانون متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے کاسمیٹکس کے شعبے میں اسمگلنگ روکنے کے لیے کاسمیکٹس سیکٹر کے لیے نیا قانون متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2026 کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ چیئرمین کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ کسی ایک ایسوسی ایشن کو ٹھیکہ نہیں دیا جا سکتا ایسوسی ایشن کو اپنے 100 نمائندگان مکمل ہونے پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے رجسٹریشن کروانی چاہیے۔

وزارتِ قانون کے حکام نے موٴقف اختیار کیا کہ جب تک ایسوسی ایشن رجسٹرڈ نہیں ہوتی اسے قانون میں جگہ کیسے دی جا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس پیر کو یہاں سینیٹر کامل علی آغا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2026 کے ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے دوران کمیٹی نے پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ کسی ایک ایسوسی ایشن کو ٹھیکہ نہیں دیا جا سکتا، ایسوسی ایشن کو اپنے 100 نمائندگان مکمل ہونے پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے رجسٹریشن کروانی چاہیے اور قانون میں ایسا تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ صرف ایک ہی ایسوسی ایشن رجسٹرڈ ہو سکتی ہے۔

وزارتِ قانون کے حکام نے موٴقف اختیار کیا کہ جب تک ایسوسی ایشن رجسٹرڈ نہیں ہوتی اسے قانون میں جگہ کیسے دی جا سکتی ہے؟

اجلاس میں وزیرِ دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ اس بل سے کاسمیٹکس کے شعبے میں اسمگلنگ روکنے میں مدد ملے گی اور بورڈ میں کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو نمائندگی دی جائے گی۔

حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن تمام متعلقہ اداروں سے رجسٹرڈ ہے، جبکہ مجوزہ قانون کے تحت مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان کا دائرہ کار مزید وسیع ہو جائے گا۔

کمیٹی کے چیئرمین نے استفسار کیا کہ کیا ترمیمی بل کے حوالے سے کوئی تجاویز تیار کی گئی ہیں جبکہ سینیٹر افنان اللہ کے اس سوال پر کہ آیا متعلقہ حکام مجوزہ قانون سے مطمئن ہیں، کاسمیٹکس حکام نے جواب دیا کہ وہ اس سے خوش ہیں تاہم پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے حکام نے ترمیمی بل کی شق 2 کی ذیلی شق 4 پر اعتراض اٹھایا۔

اس موقع پر وزیرِ دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ آل پاکستان جنرل کاسمیٹکس ایسوسی ایشن کا نام حتمی کیا گیا تھا اور اگر اس نام پر اتفاق نہ ہوا تو ان کی ایسوسی ایشن رجسٹرڈ نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسوسی ایشن کی سابقہ شناخت اور ورثے کو متاثر نہیں کرنا چاہتی۔

Load Next Story