بین الاقوامی ہاکی سیریز: پاکستان رینجرز نے چین کی گوانگ ڈونگ ٹیم کوشکست دے دی
نارووال کے اسپورٹس سٹی ہاکی اسٹیڈیم میں بین الاقوامی ہاکی سیریز کا 5واں میچ پاکستان رینجرز اور چین کی گوانگ ڈونگ (Guangdong China) ہاکی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں پاکستان رینجرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو 1-3 سے شکست دے کر فتح اپنے نام کر لی۔
اس تاریخی میچ کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر محی الدین احمد وانی تھے۔ میچ کو دیکھنے کے لیے نارووال کے عوام کا جذبہ اور جوش و خروش قابلِ دید تھا، جنہوں نے اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے کھیل اور کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔
میچ کی شروعات انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہی۔ دونوں ٹیموں نے بہترین دفاع اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت پہلے اور دوسرے کوارٹر (ہاف ٹائم) تک مقابلہ 0-0 سے برابر رہا۔
پاکستان رینجرز نے میچ کے 37ویں منٹ میں پینلٹی کارنر (PC) پر محمد سمیع (شرٹ نمبر 07) کے گول کی بدولت 0-1 کی برتری حاصل کی۔ تاہم، گوانگ ڈونگ چین کی طرف سے 40ویں منٹ میں فینگ ژیانگ ژوان (Fong Xiang Xuan - شرٹ نمبر 21) نے پینلٹی کارنر کے ذریعے خوبصورت گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد پاکستان رینجرز کے عامر سہیل (شرٹ نمبر 24) نے 45ویں منٹ میں بہترین فیلڈ گول (FG) اسکور کر کے ٹیم کو دوبارہ 1-2 کی برتری دلا دی۔ چوتھے کوارٹر کے 55ویں منٹ میں پاکستان رینجرز کے محمد حماد (شرٹ نمبر 02) نے ایک اور شاندار فیلڈ گول (FG) کر کے اپنی ٹیم کی فتح 1-3 سے یقینی بنا دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے صدر محی الدین احمد وانی نے نارووال میں اس شاندار اور کامیاب بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد پر وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور نارووال کی زندہ دل عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ نارووال کے شائقینِ ہاکی کا پرجوش استقبال اور محبت پاکستان میں ہاکی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔