امریکا: ماضی کے مشہور ریسلر 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

جیک آرمسٹرانگ نے 1963 میں ریسلنگ کیریئر کا آغاز کیا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک اس شعبے سے وابستہ رہے

سابق پروفیشنل ریسلر جیک آرمسٹرانگ 79 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر قریبی دوست اور سابق باڈی بلڈر لارا کریوالے نے دی۔

جیک آرمسٹرانگ نے 1963 میں ریسلنگ کیریئر کا آغاز کیا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک اس شعبے سے وابستہ رہے۔ انہوں نے ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف) سمیت جاپان، اے ڈبلیو اے اور یو ڈبلیو ایف میں بھی مقابلے کیے۔

ریسلنگ کے بعد انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور 1980 کی دہائی میں متعدد فلموں میں کام کیا۔

جیک آرمسٹرانگ گزشتہ کچھ عرصے سے شدید طبی مسائل کا شکار تھے۔ ان کی ایک ٹانگ کاٹنی پڑی تھی جبکہ وہ ڈائیلاسز بھی کروا رہے تھے۔

ان کی قریبی دوست لارا کریوالے آخری ایام میں ان سے ملاقات کے لیے لاس اینجلس پہنچی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ شدید علالت کے باوجود جیک کا حسِ مزاح برقرار تھا۔

لارا کے مطابق جیک کی دوستی معروف ریسلر راکی سے بھی تھی، جو سپر اسٹار دی راک کے والد تھے۔ دونوں ریسلنگ کے دوران سفر میں اکثر ایک ہی کمرے میں قیام کرتے تھے جبکہ جیک دی راک کو بچپن سے جانتے تھے۔

Load Next Story