کراچی، کرنٹ لگنے سے خاتون جاں بحق، فائرنگ سے نو عمر لڑکا زخمی
شہر قائد کے علاقے بلدیہ فقیر کالونی میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 25 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ ڈالمیا شانتی نگر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 16 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ فقیر کالونی میں پریشان چوک قبرستان کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے متاثر ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
متوفیہ کی شناخت شاہدہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کو گھر میں کام کے دوران بجلی کے تار سے کرنٹ لگا، تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں ڈالمیا شانتی نگر کے علاقے میں فائرنگ سے 16 سالہ معیز زخمی ہوگیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی لڑکا راہگیر ہے اور اسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑکے کو نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔