27 اکتوبر یومِ سیاہ: کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ جاری
ستائیس اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ جاری کردیا۔
نغمہ کے دلوں کو چھو لینے والے بول اور ولولہ انگیز دھن میں کشمیریوں کے عزم و حوصلے اور آزادی کی امید کا پیغام ہے۔
نغمہ میں جنت نظیر وادیِ کشمیر میں بھارتی قتل وغارت، خواتین و بچوں پر بہیمانہ مظالم اور قربانیوں کواجاگر کیا گیا ہے۔
یہ نغمہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی ثابت قدمی، امید، جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہے۔
حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اوربرہان وانی کو جدوجہد آزادی کی نمایاں شخصیات کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
نغمہ میں ابھی نندن کی گرفتاری اورمیزائل فائرنگ کے واقعات کے ذریعے پاکستان کی دفاعی تیاری اورعزم کا پیغام دیا گیا۔
نغمہ کے اختتام پر پاکستان کی عسکری قیادت کی جانب سے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔