لاہور: رشوت لینے اور دینے والے 3 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی
پولیس لائنز میں ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض مبینہ رشوت لینے اور دینے والے 3 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل فاروق پر ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض کانسٹیبلز سے مبینہ رشوت لینے کا الزام ہے، جبکہ کانسٹیبل عمران اور کانسٹیبل اسماعیل پر رشوت دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ آر آئی گاردات انسپکٹر محمد عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں بھتہ خوری اور پولیس آرڈر 2002 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہری ہوں یا پولیس اہلکار، کسی کو بھی رشوت ستانی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ رشوت لینے والا ہو یا دینے والا، کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔