ویسٹ بے میں 500 سے زائد ڈولفنز کی موجودگی، دلکش مناظر نے توجہ حاصل کرلی

ڈولفنز کی اچھل کود اور پانی میں کھیلنے کے مناظر نے ماہی گیر کو حیران کر دیا

کراچی:

ویسٹ بے کے ساحلی پانیوں میں 500 سے زائد ڈولفنز کا غیر معمولی اجتماع دیکھا گیا، ماہی گیر امیر داد خان نے اپنی کشتی کے قریب ڈولفنز کو پانی سے اچھلتے دیکھا۔

ڈولفنز کی اچھل کود اور پانی میں کھیلنے کے مناظر نے ماہی گیر کو حیران کر دیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق ڈولفنز کی بڑی تعداد میں موجودگی ساحلی ماحولیاتی نظام کی صحت مند حالت کی علامت ہے۔ انڈو پیسیفک بوتل نوز ڈولفنز پاکستان کے ساحلی پانیوں میں پائی جاتی ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے پاکستانی ساحلی اور سمندری پانیوں میں سیٹیشینز کی 26 اقسام ریکارڈ کی ہیں، ڈولفنز اور وہیلز سمیت سمندری حیات کی مختلف اقسام پاکستان کے ساحلی پانیوں میں موجود ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان نے ڈولفنز کی بڑی تعداد میں موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈولفنز کی بڑی تعداد میں موجودگی سمندری حیاتیاتی تنوع اور صحت مند غذائی زنجیر کا حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

Load Next Story