مائیکروسافٹ کی کمپنی چھوڑنے والے ملازمین کو بڑی مالی پیشکش

بعض ڈیٹا سینٹر، سیلز، مارکیٹنگ اور دیگر ٹیموں کے ملازمین اس سے مستثنیٰ ہیں

ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے تقریباً 60 ہزار ملازمین کو رضاکارانہ طور پر کمپنی چھوڑنے کے عوض مالی مراعات دینے کی پیشکش کردی ہے۔

ملازمین کی یہ تعداد کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا تقریباً 27 فیصد بنتی ہے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق یہ پیشکش امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور بھارت میں منتخب شعبوں کے ملازمین کے لیے ہے۔ پیشکش نائب صدر کی سطح تک کے اہل ملازمین کو دی جارہی ہے، تاہم تمام شعبے اس پروگرام میں شامل نہیں۔

بعض ڈیٹا سینٹر، سیلز، مارکیٹنگ اور دیگر ٹیموں کے ملازمین اس سے مستثنیٰ ہیں۔

کمپنی چھوڑنے والے اہل ملازمین کو ان کی ملازمت کی مدت اور عہدے کے حساب سے سیورنس پے، مخصوص مدت تک ہیلتھ کوریج، اسٹاک ویسٹنگ جاری رہنے اور کیریئر ٹرانزیشن سروسز سمیت مالی معاونت دی جائے گی۔

ملازمین کو پیشکش قبول کرنے کے لیے ابتدائی دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ زیادہ تر علیحدگیاں سال کے اختتام کے قریب متوقع ہیں۔

مائیکروسافٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ پروگرام لازمی برطرفی نہیں بلکہ رضاکارانہ علیحدگی کی پیشکش ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کا مقصد ایسے ملازمین کو مدد فراہم کرنا ہے جو مستقبل میں کمپنی سے باہر کیریئر بنانے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ مختلف کاروباری یونٹس کو بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق اپنی افرادی قوت ترتیب دینے کا ایک اضافی راستہ دینا بھی ہے۔

Load Next Story